بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب، زبانی لین دین پر پابندی عائد، تمام زبانی بیع وانتقال روک دئیے

لاہور(نیوزڈیسک)اراضی ریکارڈ اور منتقلی شفاف بنانے کیلئے بورڈ آف ریونیو نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پٹواریوں کو وراثت کی منتقلی کے سوائے تمام زبانی بیع اور انتقال سے روک دیا ، بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں زبانی لین دین پر پابندی عائد کردی گئی، زمین کی منتقلی کے انتقالات زبانی لین دین کے بجائے باقاعدہ رجسٹرڈ دستاویز پر مبنی ہونے چاہئیں۔ وراثت کے معاملات کے علاوہ، کوئی بھی انتقال زبانی لین دین، بیان یا دعوے کی بنیاد پر درج یا منظور نہیں کیا جائے گا ۔

وراثت سے متعلق انتقالات واحد استثنی ہیں اور قانون کے مطابق منظور ہوتے رہیں گے ، بورڈ آف ریونیو نے احکامات دیئے کہ زمین کے حقوق کی منتقلی، بشمول فروخت، رہن، تبادلہ، اور ہبہ ایک ایسی دستاویز پر مبنی ہونی چاہیے جو دی رجسٹریشن ایکٹ انیس سو آٹھ اور دی ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ اٹھارہ سو بیاسی کے تحت باقاعدہ رجسٹرڈ ہو ۔

بورڈ آف ریونیو پنجاب نے تمام ریونیو افسران کو ہدایات پرسختی سےعمل یقینی بنانے کی ہدایت کردی ، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قواعد کےتحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔