راولپنڈی (نیوزڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق 18ویں قومی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کی اور کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
خطاب کے دوران بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی، صبر و استقامت اور ثابت قدمی کوسراہا۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عوام دوست ترقیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو مقامی آبادی کے فائدے کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جانا چاہیے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے منفی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے میں سول سوسائٹی کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور باہمت ہیں،انہوں نے مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
ان کا کہناتھا کہ بھارت کی سرپرستی میں پراکسیز بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔









