گجرات (نیوزڈیسک) انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پسند کی شادی کی خاطر ایک ماں نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، سدرہ نامی خاتون بارہ روز قبل اپنے تین بچوں کے ساتھ اچانک لاپتہ ہو گئی تھی۔ واقعے پر شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جس دوران دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔
تحقیقات کے مطابق، ملزمہ سدرہ نے اپنے دوست بابر کے ساتھ مل کر دو سے سات سال کی عمر کے تینوں بچوں کو گلہ دبا کر قتل کیا۔ بعد ازاں، شناخت چھپانے کے لیے بچوں کی لاشوں کو جلایا گیا اور انہیں آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دفن کر دیا گیا۔
پولیس نے دورانِ تفتیش بچوں کی لاشیں برآمد کر کے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو حراست میں لے لیا۔ ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ بابر سے شادی کرنا چاہتی تھی اور اسی مقصد کے لیے اس نے یہ انتہائی سفاک قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف اور غم کی فضا قائم کر دی ہے۔









