اسلام آباد: ( نیوزڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی سہولت کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 روز میں حتمی ڈیزائن طلب کر لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں خصوصی اور طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے سمارٹ انڈر پاس کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کے حتمی ڈیزائن کو دس روز میں پیش کرنے کی ہدایت بھی دی، اجلاس کے دوران اسلام آباد میں نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے، جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کے دائرہ کار میں توسیع اور شہر میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلے بھی کیے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں طویل عرصے سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ واگزار کرائی گئی اراضی کو مفادِ عامہ کے لیے بہترین انداز میں استعمال کیا جائے گا، اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا، اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے بھی مختلف آپشنز اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ اسلام آباد کو ایک جدید اور سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جا سکے۔









