اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اطلاعات برائے خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ بلوم برگ کی رپورٹ حکومت کی درست معاشی پالیسیوں پر مہرِ تصدیق ہے اور پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
اختیار ولی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ نومبر میں مہنگائی کی شرح 6.1 فیصد تھی جو دسمبر میں کم ہو کر 5.6 فیصد تک آ گئی، جو موجودہ حکومت کی ایک بڑی معاشی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں استحکام اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں معاشی نظم و ضبط بہتر ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خوراک کی قیمتوں میں دباؤ واضح طور پر کم ہوا ہے اور فوڈ انفلیشن کی شرح 3.24 فیصد تک گر گئی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو مارکیٹ میں خوراک کی وافر دستیابی کی صورت میں مل رہا ہے۔
کوآرڈینیٹر وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسی ریٹ کو گزشتہ تین سال کی کم ترین سطح پر لا کر صنعتی شعبے کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔ شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔
اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کی قوتِ خرید میں بہتری آ رہی ہے جبکہ مستحکم مارکیٹ اور کم ہوتی مہنگائی سے عوامی ریلیف کے آثار مزید نمایاں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر کے اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور بلوم برگ کی رپورٹ اس امر کی تصدیق ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت میں گامزن ہے۔









