بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کفایت شعاری مہم پرعملدرآمد کیلئے وزیرخزانہ کی سربراہی میں 10 رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کیلئے دس رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے وزارتوں اور محکموں کیلئے ہرقسم کی گاڑیوں کی خریداری اور حکومتی اخراجات پربیرون ملک علاج پر پابندی عائد کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی کفایت شعاری پر عملدرآمد کرائے گی ،کمیٹی کے دیگرارکان میں منصوبہ بندی، مواصلات، تجارت، بحری امور کے وفاقی وزرا اور خزانہ کے وزیرمملکت شامل ہیں۔اس کے علاوہ خزانہ، منصوبہ بندی اور صنعتوں کی وزارت کے سیکرٹریز اورخزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ وزارتوں اورمحکموں کیلئے ہرقسم کی گاڑیوں کی خریداری ممنوع ہوگی تاہم ایمبولینس، اسکولوں کیلئے بسیں اور فضلہ اٹھانے والی گاڑیاں مستثنیٰ ہوں گی۔ترقیاتی منصوبوں کیلئےازحدضروری آسامیوں کے سوا نئی آسامیوں پر پابندی اور حکومتی اخراجات پربیرون ملک علاج پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ مخصوص ترقیاتی منصوبوں کے سوا دفاتر کیلئے نئے فرنیچر کی خریداری پر پابندی عائد ہے جبکہ غیرملکی وفود کےعلاوہ سرکاری لنچ، ڈنر، ہائی ٹی پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز کو یوٹیلیٹی اخراجات 10 فیصد کم ، افسران کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال 30فیصد کم اور غیر ضروری سفر کی بجائے ویڈیو لنک سے اجلاس کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔