بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

5G، وفاقی کابینہ توثیق، نیلامی آئندہ ماہ کی جائیگی: شزا فاطمہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبریاں ہیں اور حکومت انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ کی جائے گی، پاکستان میں آسان اقساط پر 5 جی اسمارٹ فون فراہم کیے جائیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کو کم سے کم رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی گئی اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ کا مکمل تعاون بھی حاصل رہا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پورا پاکستان 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر چل رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ نے 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی توثیق کر دی ہے اور 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں انٹرنیٹ کا کلیدی کردار ہے اور پاکستان فری لانسرز کے ذریعے دنیا کی چوتھی بڑی ڈیجیٹل اکانومی بن چکا ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزارت خزانہ کی حمایت سے یہ تمام اقدامات ممکن ہو رہے ہیں اور 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی بہتر سے بہتر شرائط پر کرائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے لیے 7 مختلف بینڈز دستیاب ہیں، جن میں سے 5 نئے بینڈز کی نیلامی کی جائے گی اور ہر بینڈ کی اپنی کوالٹی اور خصوصیات ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں آسان اقساط پر 5 جی اسمارٹ فون فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ایم وی این او (MVNO) پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ایم وی این او کمپنیاں دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کا نیٹ ورک استعمال کر کے سروس فراہم کر سکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم وی این او کے آنے سے مزید برانڈز مارکیٹ میں آئیں گے، مقابلہ بڑھے گا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے 100 ممالک میں 2 ہزار سے زائد ایم وی این اوز کام کر رہی ہیں۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ پی ٹی اے نے ضلعی سطح پر انٹرنیٹ لائسنسوں کی منظوری دے دی، گاؤں اور قصبوں کے کیبل آپریٹر ز بھی اب لائسنس حاصل کر سکیں گے، فائبرائزیشن کے لئے وفاق اور صوبوں نے رائٹ آف وے چارجز ختم کئے۔

انہوں نے کہا کہ 5جی نیلامی کے 3 سے 4 ماہ بعد 4جی سروس میں نمایاں فرق نظر آئے گا، پہلے 6 ماہ میں بڑے شہروں میں فائیو جی سروس کا آغاز کردیا جائے گا، پاکستان میں 3 سب میرین کیبلز لینڈ ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہناتھا کہ پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر پر سب سے زیادہ ٹیکس ہے، پاکستان میں فی صارف آمدن سب سے کم اور انٹرنیٹ دنیا سے سستا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ٹیلی کام آپریٹرز کی لائسنس فیس اور خرچ بڑھا، پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔