اگر آپ ہلکی، ٹھنڈی اور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو یہ تحقیق آپ کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتی ہے۔
اس تحقیق میں دنیا کے مختلف شہروں کو خوشگوار اور متوازن ہوا کے اعتبار سے بہترین آؤٹ ڈور تجربہ فراہم کرنے پر درجہ بند کیا گیا ہے۔
میڈیکل ٹریول انشورنس کمپنی آل کلیئر کی جانب سے کی گئی ایک نئی تحقیق میں دنیا کے اُن شہروں کی نشاندہی کی گئی جہاں ہوا سب سے زیادہ موزوں سمجھی جاتی ہے۔
سینئر ماہر موسمیات جم این آر ڈیل نے اس تحقیق میں 4 بنیادی عوامل کو مدنظر رکھا، جن میں درجۂ حرارت، نمی، ہوا کی رفتار اور ہوا کی سمت شامل ہیں، تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ کن مقامات پر بہترین ہوا پائی جاتی ہے۔
سینئر ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ جب ہوا کی رفتار، سمت اور نمی کی مناسب سطح ایک ساتھ ہم آہنگ ہو جائیں تو یہ کسی بھی ایئر کنڈیشنر سے زیادہ تروتازہ اور مکمل طور پر قدرتی محسوس ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کو دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے جہاں ہوا سب سے زیادہ خوشگوار و تازگی بخش سمجھی گئی۔ گرم موسم اور خوبصورت ساحلوں کی بدولت سڈنی نے 100 میں سے 96.4 اسکور حاصل کیا۔
دوسرے نمبر پر برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو رہا جس نے 93.1 اسکور حاصل کیا، جبکہ قبرص کا شہر پافوس تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کے بعد اسپین کا پورٹو ڈی لا کروز اور تھائی لینڈ کا فوکیٹ فہرست میں شامل ہیں۔
یہ تحقیق اُن سیاحوں کے لیے خاص طور پر مفید قرار دی جا رہی ہے جو قدرتی اور خوشگوار موسم میں سیر و تفریح کے خواہشمند ہیں۔









