اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ اب سیاست کا نہیں، عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کا وقت ہے، بدتہذیبی اور گالی کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنے حلقے این اے 117 لاہور کا دورہ کیا اور سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر سابق ایم پی اے خالد گجر کے صاحبزادے اور تحریک انصاف پی پی 145 کے اہم رہنما جواد خالد گجر نے عبدالعلیم خان سے ملاقات میں آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ بدتہذیبی اور گالی کی سیاست نہیں ہونی چاہیے، سیاست میں عزت اور احترام سب پر واجب ہے، اب سیاست کا نہیں، عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کا وقت ہے۔ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے این اے117 میں ترقیاتی فنڈز پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا، کہا اس سال 4 گرلزاسکول بنائے،اگلے سال 10 مزید سکول بنائیں گے، این اے 117 کے علاقے کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے، جب تک یہ حلقہ بہترین نہیں ہو جاتا، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ اپنے وسائل سے این اے117میں 50 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگا چکے ہیں، ماؤں اور بہنوں کے لئے فری ڈسپنسریاں بنا رہے ہیں، اس علاقے کی بہتری کے لئے جہاں بھی جانا پڑا ضرور جاؤں گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مواصلات کا عبدالعلیم خان کا شاہدرہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، سابق صوبائی وزیر اور کو آرڈینیٹر این اے117میاں خالد محمود نے اپنے خطاب میں وعدے پورے کرنے پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی نائب صدر میاں جنید ذوالفقار، ملک احمد حسن اور چوہدری امجد رفیق بھی موجود تھے۔









