اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران عامر ڈوگر نے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے متعلق کیسز عدالت سے واپس لینے کی دستاویز سپیکر کو پیش کی اور ایک بار پھر محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مطالبہ کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ ہر کام قاعدے، قانون اور آئین کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر ایوان کو آگاہ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں از سر نو طریقہ کار شروع کیا جائے گا۔
سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط واضح ہیں اور تمام کارروائی اسی کے مطابق ہوگی۔









