لاہور:(نیوزڈیسک) پنجاب میں کلین انرجی کے شعبے میں تاریخی اقدامات کے تحت بائیوگیس اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبے عملی شکل اختیار کر گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور میں چار اور فیصل آباد میں دو سمال بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دی گئی، جو صوبے میں خود کفالت اور گرین انرجی اکانومی کے قیام کی بنیاد ثابت ہوں گے۔
بائیوگیس پلانٹس سے نہ صرف گھریلو استعمال کے لیے سستی گیس فراہم ہوگی بلکہ فصلوں کے لیے بائیو فرٹیلائزر بھی میسر آئے گا، جس سے کسانوں اور ماحول کے لیے دوہرا فائدہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کے تحت الیکٹرک بس اور میٹرو بس کے لیے سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سمال بائیو گیس پلانٹس کا قابل عمل منصوبہ طلب کر لیا اور ملٹی پل فیول بائیو ریفائنری کے لیے فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دی۔ لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ شروع کرنے اور مثالی گاؤں پروگرام میں بائیو گیس پلانٹس کے تین پائلٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جدید گرین ٹیکنالوجی کا عملی استعمال شہریوں اور دیہاتوں میں توانائی کے مستقبل کو مستحکم کرے گا۔









