بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

این ایچ اے ریسٹ ایریاز کی توسیع اورتزین وآرائش کرے، عبدالعلیم

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لاہور، اسلام آباد موٹروے ایم2 کے مختلف ریسٹ ایریاز کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے سکھیکی، سیال، بھیرہ اور دیگر ریسٹ ایریاز کا معائنہ کرتے ہوئے ٹک شاپس، مساجد، واش رومز اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹوٹ پھوٹ اور خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ 15 دنوں کے اندر مشترکہ پلان تیار کریں اور گاڑیوں کی روزانہ تعداد کی بنیاد پر باہمی ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ایم2 پر ریسٹ ایریاز کی توسیع اور تزین و آرائش ہونی چاہیے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو ریسٹ ایریاز کے لیے باقاعدہ پلان کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موٹر ویز پر ریسٹ ایریاز میں شاپس کا لے آؤٹ ایک جیسا ہونا چاہیے اور صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے این ایچ اے حکام اور موٹروے پولیس سے مختلف امور پر استفسار بھی کیا۔

مختلف مقامات پر شہریوں اور مسافروں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گفتگو کی اور سفری سہولیات میں بہتری لانے پر اظہار تشکر کیا۔ بھیرہ ریسٹ ایریا میں ایک اوورسیز پاکستانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذرائع مواصلات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔