اسلام آباد:(نیوزڈیسک) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی، نادر شفیع ڈار نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سول ایوی ایشن کے شعبے سے متعلق امور، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو سول ایوی ایشن کے انتظامی، آپریشنل اور ترقیاتی پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے ادارے کی مجموعی کارکردگی، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے سول ایوی ایشن کے کردار کو قومی معیشت اور فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے ادارے کی مزید بہتری، شفافیت اور مسافروں کی سہولت کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اس موقع پر قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور ملک کے مختلف روٹس پر پی آئی اے کی پروازوں میں اضافہ کرنے، فضائی روابط کو وسعت دینے اور مسافروں کے لیے کرایوں میں کمی لانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ سول ایوی ایشن اور قومی ایئر لائن کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولیات میسر آ سکیں۔









