بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسپیکر ایاز صادق کا پارلیمنٹ لاجز کا دورہ، فیملی سوئٹس کا تفصیلی جائزہ

 

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیرِ تعمیر 104 اضافی فیملی سوئٹس منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے جاری منصوبے پر اسپیکر قومی اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں 104 اضافی فیملی سوئٹس کی تعمیر کا منصوبہ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ 2011 میں شروع کیا گیا تھا تاہم طویل عرصے تک تعطل کا شکار رہا، جسے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں دوبارہ فعال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو درپیش رہائشی مسائل کے حل کے لیے اس منصوبے کی جلد تکمیل ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مزید کسی تاخیر یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے سی ڈی اے کو منصوبے کی مسلسل نگرانی اور مقررہ وقت کے اندر اس کی تکمیل پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے اس موقع پر منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی اور 104 فیملی سوئٹس کی تعمیر کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی دلچسپی اور ذاتی نگرانی کو سراہا۔دورے کے موقع پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی سعید احمد میتلا، ایڈوائزر برائے قانون قومی اسمبلی محمد مشتاق، وزارت داخلہ اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔