بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیئرمین سینیٹ، مخدوم سید احمد محمود ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

 

لاہور:(نیوزڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو درپیش سماجی و معاشی مسائل کا حل قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے اور خطے کی متوازن ترقی کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم سید احمد محمود کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں سید علی قاسم گیلانی اور مخدوم سید مرتضیٰ محمود، رکن قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب کے عوام کو درپیش مسائل، علاقائی ترقیاتی ترجیحات، سیلاب کے بعد بحالی کے عمل، سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جن کا مقصد عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ اس امر پر اتفاق کیاگیا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا دیرپا حل ممکن ہو سکے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں مساوی ترقی، معاشی بہتری اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔