اسلام آباد،پولن الرجی کیخلاف حکمت عملی ، 30ہزار جنگلی شہتوت تلف
اسلام آباد (نیوزڈیسک )وفاقی دارالحکومت میں پولن الرجی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مہم جاری ہے۔ جنگلی شہتوت کے 30 ہزار 115 درخت کاٹ دیئے گئے ۔ ہر کاٹے گئے درخت کے بدلے 3 نئے مقامی درخت لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ 40 ہزار سے زائد ماحول دوست درخت لگائے بھی جا چکے۔
وزارت صحت کے اعلامیے کے مطابق پولن الرجی کا سبب بننے والے پیپر ملبری درختوں کے خلاف تین مرحلوں پر مشتمل سائنسی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ایف نائن پارک ، شکر پڑیاں اور مختلف بڑے سیکٹرز سے مرحلہ وار درخت ختم کئے گئے، مقامی اور نان الرجینک درختوں کو مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا ۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مہم کا ہدف صرف پیپر ملبری درخت تھے۔ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے ہر اکھاڑے گئے درخت کے بدلے تین نئے مقامی درخت لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب تک 40 ہزار سے زائد ماحول دوست درخت لگائے جا چکے ہیں۔
نجی شعبے اور او جی ڈی سی کے تعاون سے مزید 18 ہزار درخت لگانے کیلئے ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ۔ وزارت صحت کے مطابق شکرپڑیاں میں 81 ایکڑ رقبے پر بحالی کا کام اپریل تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ان اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ دو سال میں پولن ویکسی نیشن کیسز میں 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔









