بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میدانی علاقوں میں دھند، پہاڑوں میں یخ بستہ موسم، بلوچستان میں درجہ حرارت منفی

لاہور، اسلام آباد(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔

پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے، صوبے کے مختلف میدانی اضلاع میں دھند کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بالائی اضلاع بشمول سکھر، لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں دھند متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، شمالی اضلاع میں موسم انتہائی سرد رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت کئی علاقوں میں منفی میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 9 اور ژوب میں منفی 2 ریکارڈ ہوا ہے۔

سبی میں درجہ حرارت 6 اور تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 1 اور چمن میں منفی 1 رہا، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 12 اور جیوانی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کمزور افراد، بزرگوں اور بچوں کی خاص دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی ہے۔