بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈیجیٹل سرمایہ کاری، پاکستان ورچوئل ایسٹس اتھارٹی، یو اے ای کا اشتراک

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیراعظم آفس میں پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی اور متحدہ عرب امارات کے وفد کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈیماک گروپ اور اس کے ریگولیٹڈ پلیٹ فارم پرائپکو نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعابی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رئیل اسٹیٹ، سرکاری اثاثوں اور قرض جاتی آلات کی ٹوکنائزیشن پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان میں ٹوکنائزیشن کو قومی معاشی محرک کے طور پر تصور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوکنائزیشن کے ذریعے غیر فعال اثاثوں کو قابلِ سرمایہ کاری بنانے میں اہم پیش رفت ممکن ہوگی، جبکہ اس سے رئیل اسٹیٹ اور دیگر اثاثوں میں شفاف اور محفوظ بین الاقوامی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو سکے گی۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں جدت اور اصلاحات کے باعث عالمی ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔