بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قائداعظم یونیورسٹی گرلز ہوسٹل میں نامعلوم شخص داخل، سیکیورٹی سخت

اسلام آباد:(نیوزڈیسک)قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہوسٹل میں نوجوان کے گھسنے کے معاملے پر انتظامیہ نے سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے گرلز ہوسٹل میں خفیہ کیمروں کی تلاش کے لیے تکنیکی سویپ کا حکم دے دیا ہے۔

قائداعظم یونیورسٹی کے گرلز ہوسٹل میں نامعلوم شخص کے گھسنے کے معاملے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے طالبات کے ہاسٹلز کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مذکورہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی اور فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نظرثانی ہوگی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے گرلز ہاسٹلز کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی پیٹرولنگ بڑھا دی گئی اور گرلز ہاسٹلز میں خفیہ کیمروں کی تلاش کے لیے تکنیکی سویپ کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی سخت بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے طالبات کے لیے خصوصی مواقع پر گیٹ نمبر 5 کھولنے کی منظوری دی گئی اور گرلز ہوسٹلز کے اطراف سیکیورٹی لائٹس کی فوری مرمت اور بحالی کا حکم دیا گیا اور گرلز ہاسٹلز میں دو خواتین سیکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قائداعظم یونیورسٹی کی جانب سے گرلز ہوسٹلز کے معاملات کے لیے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی گئی اور طالبات کے لیے والی بال اور بیڈمنٹن گراؤنڈز کی تعمیر کا اعلان کیا گیا۔

وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے تمام ہدایات پر عمل درآمد کرانے کی منظوری دے دی۔