میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے کراچی کے عوام سے ترقیاتی کاموں کا وعدہ کیا تھا، اور اب صرف بلاول اللہ ہی عملی اقدامات کر رہے ہیں، پتنگ یا ترازو نہیں۔
میئر کراچی نے ضلع غربی میں 182 ملین روپے سے زائد لاگت کے سڑک بحالی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ سندھ علی احمد جان، چیئرمین موریرو میر بہار ٹاؤن علی اکبر، سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بابِ خیبر سے سیکٹر 4 اورنگی تک کی 15.4 میٹر چوڑی اور 1378 میٹر طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس میں اسفالٹ اور ایگریگیٹ بیس کورس کی تعمیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے جدید ڈرینج سسٹم بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، اور کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری عالمی معیار کے مطابق ہو رہی ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ ضلع غربی میں ترقیاتی کام شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کریں گے اور شہر کے ہر علاقے میں بلا امتیاز ترقیاتی کام یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہر کے پسماندہ اور نظرانداز علاقوں کی ترقی کو بلدیہ کی اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی بحالی سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ شہری ترقی کے لیے جدید، پائیدار اور معیاری انفراسٹرکچر ناگزیر ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی فلاح کے منصوبے بلا تفریق اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔ اورنگی ٹاؤن میں سڑکوں کی بحالی سے عوام کو فوری ریلیف ملے گا اور کچی آبادیوں کو مستقل بنیادوں پر ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے ہر ٹاؤن میں ترقیاتی کام یکساں رفتار اور شفاف انداز میں جاری ہیں، اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے عملی اقدامات اور زمینی حقائق کی صورت میں پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات متحرک ہے۔
پتنگ، ترازو اور بلا نہیں، صرف بلاول اللہ کام کر رہا ہے: مرتضیٰ وہاب








