پشاور چڑیا گھر میں دو ننھے بنگال ٹائیگرز کی آمد نے چڑیا گھر کی رونقیں دوبالا کر دی ہیں اور یہ ننھے ٹائیگرز سیاحوں اور بچوں کی توجہ کا خاص مرکز بن گئے ہیں۔ ابتدائی دنوں میں انہیں خصوصی انٹینسیو کیئر میں رکھا گیا تھا، لیکن اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور عام انکلوژر میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ننھے ٹائیگرز اب سیاحوں کے لیے نمائش میں پیش کیے جا رہے ہیں، اور شہری اور بچے ان کی معصوم حرکتوں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ننھے ٹائیگرز سب کی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق بنگال ٹائیگر دنیا کی سب سے طاقتور اور خوبصورت جنگلی بلیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ عموماً گھنے جنگلات، سرسبز میدانوں اور پانی کے قریب رہنا پسند کرتے ہیں، گرم اور مرطوب ماحول میں بہتر نشوونما پاتے ہیں اور تیراکی میں بھی ماہر ہیں۔ فطرتاً یہ تنہا رہنے والے جانور ہیں اور اپنی حدود کا خاص خیال رکھتے ہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا کہ ننھے ٹائیگرز کی بہتر دیکھ بھال، مناسب خوراک اور قدرتی ماحول سے قریب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ صحت مند اور خوشگوار ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔
شہریوں نے چڑیا گھر کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے نہ صرف تفریح کے مواقع بڑھیں گے بلکہ جنگلی حیات سے متعلق آگاہی میں بھی اضافہ ہوگا۔
پشاور چڑیا گھر میں خوشیوں کی لہر، ننھے بنگال ٹائیگرز سیاحوں کی توجہ کا مرکز








