پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (PSA) نے کراچی انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں ریفری کے ساتھ نامناسب رویہ اپنانے والے مصری کھلاڑی کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
دوران میچ عالمی نمبر 15 فیرس ڈیسوکی نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا اور ریفری سجاد خان کے ساتھ بدتمیزی کی، جس پر ریفری نے اس واقعے کی رپورٹ PSA کو جمع کروائی۔
یہ واقعہ ڈی اے کریک کلب میں جاری ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پیش آیا، جب عالمی انڈر 23 چیمپئن اور عالمی نمبر 38 نور زمان کے خلاف میچ کے دوران فیرس ڈیسوکی نے فیصلے پر سخت غصہ ظاہر کیا، ریفری سے بار بار بحث کی اور قومیت کے بارے میں بھی سوالات کیے۔ بار بار انتباہ کے باوجود کھلاڑی کورٹ سے باہر آ کر ریفری کے ساتھ بحث و جدل کرتا رہا اور چیخ و پکار کی۔
ذرائع کے مطابق، PSA کی قائم کردہ کمیٹی واقعے کی تحقیقات مکمل کرے گی اور سفارشات پیش کرے گی۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں فیرس ڈیسوکی پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور کچھ بین الاقوامی میچز میں شرکت پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔
کراچی اسکواش ٹورنامنٹ: ریفری سے نامناسب رویے پر مصری کھلاڑی کے خلاف کمیٹی تشکیل








