ترک وزیر خارجہ حاقان فدان نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی اسرائیلی کوششیں ناکام ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کو اس کے حریف عناصر اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
حاقان فدان نے مزید کہا کہ اسرائیل بھی ایران کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی انسانی امداد اور تعمیر نو کے لیے غزہ میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں پرتشدد مظاہرے 13 روز سے جاری ہیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور کئی اہلکار زخمی ہوئے، املاک کو نقصان پہنچا اور تقریباً 2,500 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ کمانڈر انچیف کی قیادت میں فوج نہ صرف دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے گی بلکہ قومی مفادات اور عوامی املاک کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی۔ فوج نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایران کے بچوں کے خون سے کھیلنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے جھوٹے دعووں کے ذریعے پیدا کیے جانے والے نئے فتنوں کا بھی مقابلہ کرے گی۔
ترکی نے اسرائیل کو ایران کی داخلی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے سے خبردار کر دیا








