بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک بحریہ کی شمالی بحیرہ عرب میں بڑی تربیتی مشق، جدید فضائی و بحری صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں وسیع تربیتی مشق کے دوران اپنی آپریشنل اور جنگی تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مشق میں روایتی جنگی مہارت کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتیں بھی پیش کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران زمین سے فضا تک مار کرنے والے ایل وائی-80 میزائل کو ورٹیکل لانچنگ سسٹم کے ذریعے کامیابی سے فائر کیا گیا، جس کے ذریعے ایک فضائی ہدف کو ٹھیک نشانہ بنایا گیا۔ اس کامیاب فائرنگ نے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی نظام اور طویل فاصلے تک دفاعی صلاحیتوں کی تصدیق کر دی۔
مشق میں لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحی اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے درستگی کے ساتھ ہدف کو تباہ کرنے کی صلاحیت کا عملی ثبوت ملا۔ اس کے ساتھ ساتھ بغیر پائلٹ کے سرفیس ویسل (USV) کے کھلے سمندر میں کامیاب ٹرائلز بھی کیے گئے، جو خود مختار بحری ٹیکنالوجی کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق کا براہِ راست مشاہدہ کیا، جبکہ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر حال میں پاکستان کے سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔