کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں ایک فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی ہوئی خاتون کو پولیس نے علاقہ مکینوں کی اطلاع پر بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق بازیاب کرائی گئی خاتون شیریں جناح کالونی کی رہائشی ہیں اور انہیں عمارت کی تیسری منزل پر واقع ایک کمرے میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون کے سابق شوہر نے بچوں کے خرچ کے معاملے پر بات کرنے کے بہانے انہیں گھر بلایا اور پھر اپنے ایک ساتھی کی مدد سے انہیں زنجیروں سے باندھ دیا، جس کے بعد دونوں موقع سے فرار ہو گئے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ان کے تین بچے ہیں اور شوہر سے علیحدگی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔
ان کے مطابق بچوں کی کفالت کا مسئلہ دونوں فریقین نے عدالت سے باہر طے کیا تھا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ علیحدگی کے باوجود سابق شوہر نے دوبارہ رابطہ کیا اور مالی معاملات کے حل کی بات کرتے ہوئے ملاقات کے لیے بلایا، جہاں اسے قید کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق پڑوسیوں نے مشکوک حالات دیکھ کر پولیس کو آگاہ کیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور فلیٹ میں داخل ہو کر خاتون کو آزاد کرایا۔ اس کے بعد خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم لطیف اور اس کے ساتھی امان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔









