لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم فروری سے صوبے کے 15 محکموں کی 210 سرکاری خدمات ای بز پورٹل (eBiz Portal) پر آن لائن دستیاب ہوں گی، جس سے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے سہولیات حاصل ہو سکیں گی۔
حکومتی بیان کے مطابق یہ اقدام وزیراعلیٰ کے ڈیجیٹل گورننس پلان کا حصہ ہے، جس کے تحت ای بز پورٹل پر دستیاب خدمات کی تعداد مارچ تک بڑھا کر 310 کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس توسیع سے شہریوں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری خدمات تک وسیع رسائی حاصل ہو گی۔
یہ فیصلہ ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جو جمعے کے روز سول سیکریٹریٹ میں چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ای گورننس کے نفاذ کی رفتار تیز کرنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ مارچ تک 310 خدمات کو ای بز پورٹل پر شامل کرنے کا ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے محکموں کو یہ بھی ہدایت دی کہ فیلڈ دفاتر اور منسلک اداروں کو مرحلہ وار ای ایف او اے ایس نظام میں منتقل کیا جائے، جس سے دفتری امور میں بہتری آئے گی۔
زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ انتظامی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو بار بار سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت کم ہو گی، کام کے طریقہ کار میں شفافیت آئے گی اور فیصلے تیزی سے ہو سکیں گے۔









