بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کا 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک تمام کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )حکومت نے 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے تک کے تمام کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کے تحت کوئی بھی کرنسی نوٹ بند نہیں کیا جائے گا بلکہ تمام موجودہ نوٹ نئے ڈیزائن کے ساتھ مرحلہ وار تبدیل کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پرانے نوٹوں کی تبدیلی کے لیے حکومت کی جانب سے تمام بینکوں کو واضح ٹائم لائن جاری کر دی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نجی ٹی وی کے نمائندہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے  کہا کہ یہ فیصلہ دراصل 2025 کے دوران کیا گیا تھا، جس پر اب عملی پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس وقت ملک میں کرنسی اِن سرکولیشن، یعنی عوام کے پاس موجود نقد رقم، 10 ہزار 260 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ صرف ایک سال میں، 2024 کے مقابلے میں 2025 کے دوران، اس رقم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

حکام کے مطابق حکومت کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کو ڈیجیٹائز کرنا اور کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔ نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا مقصد غیر دستاویزی نقدی، ذخیرہ شدہ رقوم اور غیر رسمی لین دین کو کنٹرول کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نوٹوں کی چھپائی کا عمل وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس حوالے سے تمام ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کابینہ سے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی منظوری ملتے ہی نئے نوٹوں کی پرنٹنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق توقع ہے کہ یہ عمل 2026 کے اختتام تک، خاص طور پر آخری دو سے تین ماہ میں، مکمل کر لیا جائے گا۔ پرانے نوٹوں کی واپسی اور نئے نوٹوں کے اجرا کے لیے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو مرحلہ وار ہدایات جاری کی جائیں گی۔