بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسلم لیگ نواز عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے، عطاء اللہ تارڑ

لاہور:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوام کی خدمت کے مشن پر مکمل کاربند ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور مسلم لیگ (ن) کی رہنماء اور وفاقی وزیر اطلاعات کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاسی اُمور و پبلک افیئر یونٹ سید توصیف شاہ کے دفتر چیمہ ہاؤس کا دورہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے اپنے حلقے سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں، چیئرمینز، وائس چیئرمینز، سینئر کارکنان، کونسلرز، خواتین رہنماؤں اور لیڈی کونسلرز سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے۔

شرکاء اجلاس نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک اب استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پچھلے سال مئی میں عسکری اور معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت میں استحکام اور ترقی کی رفتار بہتر دیکھی جا رہی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں نہ صرف حلقے کے عوامی مسائل زیر بحث آئے بلکہ ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے ملاقات میں شریک قائدین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کی خدمت کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔