بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان بھرتیاں، میرٹ کی بالادستی، آن لائن ٹیسٹ، 1 گھنٹے میں تقرر نامہ جاری

کوئٹہ:(نیوزڈیسک) بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ خزانہ میں 111 سرکاری آسامیوں پر میرٹ اور پیپر لیس بنیادوں پر آن لائن بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق اس اصلاحاتی اقدام کا مقصد شفافیت اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔

آسامیوں کے امیدواروں سے آن لائن ٹیسٹ لیا جائے گا، قابلیت کی شفاف جانچ ہوگی اور کامیاب امیدواروں کو صرف ایک گھنٹے کے اندر تقرری لیٹر جاری کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ نظام مرحلہ وار صوبے کی تمام سرکاری نوکریوں پر نافذ کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سے پہلے دن ہی دوٹوک وعدہ کیا گیا تھا کہ نہ نوکریاں بیچی جائیں گی اور نہ کرپشن یا اقرباء پروری برداشت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور عوام سے کیے گئے وعدے ہی ہماری حکمرانی کی بنیاد ہیں اور اس کے لیے شفافیت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔