بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ، انسانی بحران سنگین، اسر ائیلی فورسز کے مظالم جاری، مزید3 فلسطینی شہید

غزہ:(نیوزڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے دو الگ الگ واقعات میں تین فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ مقامی صحت حکام کے مطابق ایک فلسطینی غزہ سٹی کے علاقے التفاح میں شہید ہوا جبکہ دو دیگر جنوبی غزہ کے علاقے بنی سہیلا میں اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنے۔

غزہ کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا شدید فقدان پایا جاتا ہے، جہاں ادویات، طبی آلات اور عملے کی کمی کے باعث زخمیوں اور مریضوں کو مناسب علاج کی فراہمی ممکن نہیں رہی۔ طبی ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ادھر قابض اسرائیل کی جیل میں فلسطینی قیدی حمزہ عبد اللہ عدوان کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ فلسطینی اسیران کے ادارے اور قیدیوں کے حقوق کی تنظیم کے مطابق حمزہ عدوان 9 ستمبر 2025 کو دورانِ حراست وفات پا گئے تھے، جس کی تفصیلات آج منظرِ عام پر آئی ہیں۔ وہ غزہ سے تعلق رکھتے تھے اور 12 نومبر 2024 کو ایک اسرائیلی فوجی چیک پوسٹ سے گرفتار کیے گئے تھے۔

شہید قیدی کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ حمزہ عدوان شدید بیماری میں مبتلا تھے اور مستقل طبی نگہداشت کے محتاج تھے، تاہم قید کے دوران انہیں ضروری علاج فراہم نہیں کیا گیا۔ فلسطینی تنظیموں نے حمزہ عدوان کی شہادت سمیت مجموعی صورتحال کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔