لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ’’کلینک آن وہیلز‘‘ منصوبہ ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کر لیاہے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے منصوبے کے انتظامی امور، فیلڈ موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیہی ایمبولنس سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے انتظامی معاملات نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے جبکہ فیلڈ موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیہی ایمبولنس سروسز بھی نجی سیکٹر کے ذریعے چلائی جائیں گی۔ اس ضمن میں نجی اداروں سے 26 جنوری تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 590 دیہی ایمبولنسز، 791 کلینک آن وہیلز اور 111 فیلڈ موبائل ہیلتھ یونٹس کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کی شمولیت سے ان منصوبوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی ۔









