بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈ مارشل، انڈونیشیئن وزیر دفاع ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

 

اسلام آباد(نیوزڈیسک) انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس دوران علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع سیافری سجامسودین نے جنرل ہیڈکوارٹرز جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ فریقین نے ادارہ جاتی روابط کے استحکام، تربیتی تعاون اور دفاعی صنعت میں اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین وزیرِ دفاع نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسٹریٹجک مفادات پر مبنی مضبوط اور دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔