لاہور/ کراچی:موسمی خرابی، کم مسافر لوڈ اور آپریشنل وجوہات کے باعث ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا۔
کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی متعدد پروازیں منسوخ اور کئی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر فلائی ناس کی کراچی سے جدہ جانے اور جدہ سے کراچی آنے والی دو طرفہ پرواز منسوخ کر دی گئی۔ گلف ایئر کی کراچی بحرین کی دو طرفہ پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔ ایئرسیال کی کراچی سے لاہور، سیالکوٹ اور اسلام آباد کی دو طرفہ مجموعی طور پر 8 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اسی طرح فلائی ادیل کی کراچی ریاض کی دو طرفہ 2 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ایئربلو کی کراچی لاہور کی دو طرفہ 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ایتھوپین ایئر کی کراچی سے ادیس ابابا کی دو طرفہ 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ پی آئی اے کی کراچی لاہور کی دو طرفہ پروازیں پی کے 306 اور 307 بھی آپریٹ نہ ہو سکیں۔ اس کے علاوہ ایئرایشیا کی کراچی کوالالمپور کی دو طرفہ 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر دھند کی شدت برقرار رہنے کے باعث اندرون و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔ نجف، ابوظہبی اور کراچی کی آمدورفت کی تین پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ جدہ جانے والی پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی تین پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور کراچی جانے اور آنے والی نجی اور غیر ملکی ایئرلائنز کی چھ پروازیں دو سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق متعلقہ ایئرلائنز سے ضرور کریں۔









