بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشتگردی، انتہاپسندی و فرقہ واریت کفر ہے، مولانا عبدالخیر آزاد

ملتان:(نیوزڈیسک) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے کہا ہے کہ فتنہ خوارج ہو یا فتنہ بھارت، ان شاء اللہ دونوں کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔ پوری قوم اور علماء کرام اپنی حکومت اور افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملتان میں قومی یکجہتی پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخیر آزاد کا کہنا تھا کہ دشمن کی کوئی سازش کسی طور کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
پاکستان کا واضح بیانیہ ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کفر ہیں، اور آج پوری دنیا پاکستان کے اس بیانیے کی تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بیان المرصوص میں پاک افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہیں اور ہمیں اپنی حکومت، افواج اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر پر فخر ہے۔

مولانا عبدالخیر آزاد نے مزید کہا کہ آج دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں۔ سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ میں پاکستان کا سفیر ہوں، جبکہ سعودی دفاعی معاہدے میں اب ترکی بھی شامل ہونا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے ساتھ مل کر ہمارے بڑوں نے پاکستان بنایا اور اپنا کردار ادا کیا، آج ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ بھائی چارہ، اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کو گھر گھر پھیلانا ہوگا اور ملکی استحکام اور امن و امان کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کانفرنس میں بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔