اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئیکون ٹیکنالوجی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کے لیے منظم فریم ورک کی تیاری، پاکستان کرپٹو کونسل اور ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال میں پاکستان کی عالمی سطح پر شمولیت بڑھ رہی ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ ڈیجیٹل اثاثہ سرگرمی کو منظم اور محفوظ ماحول میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں میں موجود مواقع اور خطرات کے توازن کے لیے مؤثر ضابطہ کاری ناگزیر ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق مجوزہ پالیسی فریم ورک کا مقصد شفافیت، مالی شمولیت کو فروغ دینا اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ اس عمل میں اسٹیٹ بینک سمیت تمام متعلقہ ریگولیٹرز کے مابین ہم آہنگی پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔
آئیکون ٹیکنالوجی کے وفد نے امریکہ اور کینیڈا میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور بینکوں کے ذریعے ڈیجیٹل اثاثہ خدمات کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں شفاف اور منظم ڈیجیٹل اثاثہ مارکیٹ کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔









