راولپنڈی:(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے جو کچھ کرنا پڑا وہ کریں گے۔ ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے راولپنڈی فیکٹری ناکہ کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سننا چاہتے ہیں۔ اور اسی لیے ہم یہاں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ اور یہی نئی سیاست ہے۔ جبکہ پرانی سیاست کو نوجوان نسل دفن کر چکی ہے۔ نئی نسل کو سیاست میں متحرک دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ یہ محض ایک دھوکا ہے کہ کراچی میں بہت خوف ہے۔ اس کے برعکس کراچی بالکل پرامن شہر ہے۔ کراچی میں چھوٹے سے چھوٹا افسر بھی بلٹ پروف گاڑی کے بغیر نہیں چلتا۔ لیکن سہیل آفریدی گاڑی کی چھت پر بیٹھ کر دورے کرتے رہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے لوگ پُرامن ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ سہیل آفریدی کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے ہیں۔ اور یہ کوئی معمولی بات نہیں۔ ایسے دلیر نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے سیاستدان ہوں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج ہر پاکستانی سیاستدان بن چکا ہے اور جاننا چاہتا ہے۔ کہ ججز اور سیاستدان کون ہیں اور وہ ملک کے لیے کیا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بن چکا ہے اور اب عوام خود فیصلہ کرتے ہیں کہ ملک کو کس سمت لے جانا ہے۔
انہوں نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نظام کمپنیوں کی طرح ہے جن کی اپنی شیئر ہولڈنگ ہے۔









