اسلام آباد(نیوزڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاعی شعبے کیلئے 5 ارب روپے سے زائد کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس جبکہ پنجاب میں ایس ڈی جیز پروگرام کیلئے 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی ، دفاعی اخراجات آئندہ مالی سال سے باقاعدہ بجٹ میں شامل ہوں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ای سی سی کااجلاس ہوا جس دوران ترقیاتی، دفاعی اور ڈیجیٹل منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی ، دفاعی شعبے کیلئے 5 ارب روپے سے زائد کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس ، پنجاب میں ایس ڈی جیز پروگرام کیلئے 2 ارب روپے ، خصوصی بچوں کیلئے 15 گاڑیاں خریدنے کیلئے 32 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔
وزارت خزانہ کے مطابق دفاعی اخراجات آئندہ مالی سال سے باقاعدہ بجٹ میں شامل ہوں گے، گاڑیاں آٹزم سنٹر اسلام آباد کے خصوصی بچوں کیلئے فراہم کی جائیں گی، آسان خدمت مرکز اسلام آباد کے قیام کیلئے 80 کروڑ روپے منظور کیئے گئے ہیں ۔
ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، آئی ٹی انفراسٹرکچر کیلئے 3 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ، ای گورننس اور قومی آئی سی ٹی ایکو سسٹم مضبوط بنانے کی ہدایت کر دی گئی ، ایف بی آر کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام کی منظوری بھی دیدی گئی جس کیلئے تیسرے سہ ماہی میں 3 ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ایشیا پیٹرولیم لمیٹڈ پائپ لائن کے مستقبل پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور اے پی ایل پائپ لائن پر لائحہ عمل 31 جنوری تک پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ کیلئے فنانس فنڈ کی منظوری دی گئی، فلم و ڈرامہ فنانس فنڈ کیلئے 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق فلم و ڈرامہ فنڈ کے استعمال پر6 ماہ بعد کارکردگی رپورٹ لازمی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔









