اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر معاشی پالیسیوں میں تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر ہمیں ایک مستحکم، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنی ہے ۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اپنی پیداواری صلاحیت اور مسابقت بڑھانا ہوگی۔ عصرِ حاضر میں صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ عملی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مکالمہ اور ڈائیلاگ ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور دنیا بھر میں جے ایف-17 طیاروں کی فروخت اس کی دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔









