اسلام آباد:(نیوزڈیسک) حکومت نے پیپلز پارٹی کا اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آرڈیننس کی واپسی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے اسپیشل اکنامک زون آرڈیننس واپس لینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق آرڈیننس کی واپسی سے متعلق فیصلہ سیاسی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ جسے پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے دستخط کے بغیر اسپیشل اکنامک زونزآرڈیننس جاری کرنے پر احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر کا کہنا تھا کہ قانون سازی اس ایوان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ لیکن پہلی مرتبہ حکومت نے ایک ایسا آرڈیننس نافذ کر دیا۔ جو صدر کی توثیق کے بغیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور اس صورتحال میں وہ ایوان کا حصہ نہیں رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کے اعتراض پر حکومت نے آرڈیننس واپس لینے کے لیے صدر کو خط لکھ کر آرڈیننس واپس لینے کا مشورہ دیا تھا۔ اور کہا کہ مذکورہ آرڈیننس کو اب بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں لایا جائے گا۔









