بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صاف پانی بنیادی حق ہے، عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں: مصدق ملک

 

اسلام آباد:(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے راول جھیل کے پانی کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی عائشہ موریانی، سیکرٹری وزارتِ آبی وسائل سید علی مرتضیٰ، ڈائریکٹر جنرل ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA)، ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RDA)، منیجنگ ڈائریکٹر واسا (WASA)، اور دیگر وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو راول جھیل میں شامل ہونے والے تین بڑے آبی نالوں۔کورنگ، لیک ویو اور جناح کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان میں سے بعض نالے قریبی رہائشی علاقوں سے خارج ہونے والے سیوریج کے باعث آلودگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس آلودگی کے خاتمے کے لیے سملی روڈ، بری امام اور شادرہ کے مقامات پر تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (STPS) کی تنصیب کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ صاف اور محفوظ پینے کا پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وزارت کو پانی کی فراہمی اور سیوریج کے نظام پر براہِ راست دائرہ اختیار حاصل نہیں، تاہم وزارت متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور واسا کو ہدایت کی کہ راول جھیل میں داخل اور خارج ہونے والے پانی کے مختلف مقامات پر جامع معیار کے ٹیسٹ کیے جائیں، تاکہ آلودگی کے ذرائع، مقامات اور شدت کا درست تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شواہد پر مبنی اقدامات ہی مؤثر اور پائیدار حل کی ضمانت فراہم کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اجلاس میں سوال اٹھایا، “ہمیں خود سے یہ سوال کرنا ہوگا کہ کیا یہ وہ پانی ہے جو ہم اپنے بچوں کو پلانا چاہتے ہیں؟”۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان بہتر اور مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے عمل کو تیز کیا جا سکے اور عوام کو جلد از جلد صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔