اسلام آباد(نیوزڈیسک) قائمہ کمیٹی اطلاعات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے پی ٹی وی کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھا دیا، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کمیٹی کو بتایا کہ تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں، پی ٹی وی میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر ندیم عباس کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان ٹیلی وژن کی مالی و انتظامی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی تمام ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں اور ادارے پر کوئی واجب الادا رقم نہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس کے خاتمے کے بعد پھیلائی جانے والی افواہیں درست نہیں، وزارت کے پاس فنڈز موجود ہیں اور پی ٹی وی کی تنخواہیں متاثر نہیں ہوں گی۔
اینکرز کی بھرتیوں سے متعلق عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تمام تقرریاں مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہیں، کسی سفارش کو شامل نہیں کیا گیا اور زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل جاری ہے۔رکن کمیٹی سحر کامران نے انکشاف کیا کہ پی ٹی وی میں ایک خاتون میک اپ آرٹسٹ خود ڈیوٹی پر نہیں آتی تھی اس کی جگہ اس کا شوہر آتا تھا۔اس پر عطا تارڑ نے جواب دیا کہ میں تو میک اپ نہیں کرواتا، فردوس عاشق اعوان کرواتی تھیں۔
اجلاس میں پی ٹی وی اسپورٹس چینل کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ انسانی وسائل کے شعبے میں اصلاحات اور پہلی بار ڈائریکٹر ایچ آر کی تعیناتی سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا، کمیٹی نے پی ٹی وی میں ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔









