اسلام آباد:(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ شبِ معراج امتِ مسلمہ کےلئےعظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو معراج کا شرف عطا فرمایا۔ یہ رات ہمیں ایمان کی مضبوطی، عبادت کی اہمیت، صبر، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج کے بابرکت اور روح پرور موقع پرتہنیتی پیغام میں کہاکہ یہ شب مسلمانوں کے لئے ایمان میں ثابت قدمی، صبر و استقامت ، اللہ کی اطاعت، اور بلند کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ اللہ تعالی اس مبارک شب کی مذہبی اہمیت اور روحانی قدر و منزلت سے مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ شبِ معراج ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ نماز مومن کی معراج ہے اور اس کے ذریعے فرد اور معاشرہ اخلاقی، روحانی اور عملی طور پر مضبوط ہوتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت رات سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں، باہمی رواداری، اخوت اور عدل و انصاف کو فروغ دیں۔
وزیراعظم نےکہاکہ معراج کا واقعہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ حق کی راہ میں آزمائشوں اور مشکلات کے بعد اللہ تعالیٰ کی نصرت ضرور پہنچتی ہے اور فتح اور کامیابی لازمی امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے توکل الہٰی کا یہ پیغام ہماری انفرادی تربیت، قومی طرز عمل اور اجتماعی زندگی میں بڑی کار آمد حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئیے ہم اللہ کے سامنے سر بسجود ہوکر اپنے وطن کے لئے خصوصی دعائیں کریں کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ کے لئے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا ئے اور ہماری قومی یکجہتی کو مضبوط تر کرتے ہوئے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔









