پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک اہم سہولت کا اعلان کیا ہے۔ اب اوورسیز پاکستانی اپنی موبائل فون سروس کو تسلسل کے ساتھ برقرار رکھ سکیں گے اور بیرون ملک قیام کے دوران ان کی پاکستانی سم بلاک نہیں کی جائے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی موبائل سم کی ملکیت برقرار رکھ سکیں اور پاکستان سے رابطہ آسانی سے قائم رکھ سکیں۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی متعلقہ موبائل کمپنی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس فیصلے سے اوورسیز پاکستانی ضروری مواصلاتی سہولیات تک مسلسل رسائی حاصل رکھ سکیں گے، جس سے وہ اپنے اہل خانہ اور دیگر رابطوں سے با آسانی جڑے رہیں گے۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ پی ٹی اے بیرون ملک پاکستانیوں کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔









