بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گورنر پنجاب نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا: ملک کے خلاف منفی پروپیگینڈا سے گریز کریں

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے خلاف منفی پروپیگینڈا سے بچیں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔
پیرس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمیں اپنی فوج کے لیے دعاگو رہنا چاہیے جو سرحدوں پر جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتیں تو بدلتی رہتی ہیں، مگر پاک فوج ریاست کی سلامتی کی مضبوط ضامن ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جسے بعد میں میاں نواز شریف نے مکمل کیا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا میں متعارف کرایا۔ آج پاکستان کی مضبوطی اسی تاریخی فیصلے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے حالیہ پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، بھارت کو شکست دی اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیا۔
تقریب کے آغاز پر گورنر پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ ان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں فرانس کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔
اس موقع پر فرانس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان بزنس فورم نے بھرپور نمائندگی کی۔ تقریب کی میزبانی پاکستان بزنس فورم فرانس و یورپ نے کی جبکہ چیئرمین راجہ علی اصغر، صدر حاجی اسلم، جنرل سیکرٹری سلمان اسلم اور چیئرمین یورپ سردار ظہور اقبال نے گورنر کو خوش آمدید کہا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کا اختتام ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان پائندہ باد‘‘ کے نعروں اور شاندار عشائیے کے ساتھ ہوا۔