بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی جریدہ: بھارت کا پانی کو ہتھیار بنانا جنوبی ایشیا میں انسانی بحران کا سبب بن سکتا ہے

امریکی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے کے خلاف اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جنوبی ایشیا میں انسانی بحران پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
جریدے کے مطابق بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بعد خطے میں پانی کی سیاست ایک نیا رخ اختیار کر چکی ہے اور یہ اقدام علاقائی کشیدگی بڑھا سکتا ہے۔ دی نیشنل انٹرسٹ نے بھارت کے دُلہستی اسٹیج II منصوبے کو سندھ طاس معاہدے کے خلاف قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پانی کو اسٹریٹجک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جس سے جنوب ایشیا میں پانی کا بحران سنگین انسانی خطرہ بن سکتا ہے۔
امریکی جریدے نے مزید واضح کیا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو آبی ڈیٹا کی فراہمی روکنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اور عالمی ثالثی عدالت پہلے ہی یہ واضح کر چکی ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔
رپورٹ میں زور دیا گیا کہ سندھ طاس معاہدہ نہ صرف خطے میں پانی کی تقسیم کا قانونی فریم ورک ہے بلکہ یہ جنوبی ایشیا میں فوڈ سکیورٹی کی بھی بنیادی ضمانت ہے۔ بھارت پر قانونی طور پر لازم ہے کہ وہ مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے مہیا کرے، اور پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش بین الاقوامی قانون اور عالمی عدالتوں کی نظر میں ناقابل قبول ہے۔