لودھراں(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹوں سے پہلے میں آج اپنی قوم کی توجہ کراچی کی طرف کرنے لگا ہوں، کراچی اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے۔
ضمنی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس ملک میں دو بڑے ڈاکو ہیں ، ایک زرداری اور دوسرا نواز شریف، کراچی میں 14 سال سے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں، جب بھی بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، انہوں نے کبھی نہیں سوچا بارش کی تیاری کریں، لاہور بھی بارش ہوتی ہے لیکن پانی نہیں کھڑا ہوتا جب کہ کراچی کے حالات سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اربوں روپے لگا کر انڈرگرانڈ ٹینکس بنائے جہاں پانی جمع ہوتا ہے حالانکہ عثمان بزدار کو بہت برا بھلا کہا گیا
عمران خان نے کہا کہ سندھ کے نام پر سیاست اور چوری کر کے سارے پیسے باہر لے گئے، کون سی طاقت تھی اس ملک میں جو اس کو سزا دینے سے روکتی تھی؟ میں نے پوری کوشش کی ان چوروں کا احتساب کراں، یہاں چوری کو برا نہیں سمجھا جاتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ احسن اقبال کہتا ہے کرپشن ہوتی ہے، ایک ن لیگی وزیر نے کہا اسمبلی کے ذریعے نواز شریف کے سارے کیسز ختم کر دو، حق اور سچ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے، 17 تاریخ کو ہونے والا الیکشن اس ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے، امریکہ نے سازش کر کے ان چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میری حکومت تھی تو کہتے تھے بہت مہنگائی ہے، جیسے ہی یہ اقتدار میں آئے یہ لوگ مہنگائی کو بھول گئے، احسن اقبال کے ساتھ جو ہوا وہ بد تمیزی نہیں، کہتے ہیں عمران خان نے بدتمیزی کرنا سکھا دیا، انہوں نے آتے ہی اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کئے، 1100 ارب روپے معاف کروائے، نیب میں ترمیم کر کے خود کو این آر او دیا۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، نواز شریف نے زرداری کے ساتھ مل کر ملک کو مقروص بنا دیا، دو مہینوں میں انہوں نے دال چنے کی 21 فیصد قیمت بڑھائی، حمزہ شہباز کا بزنس انڈے اور مرغی کا ہے، حمزہ شہباز نے انڈے کی قیمت 36 فیصد بڑھا دی ہے ، گھی 22 فیصد، پیٹرول 100 روپیہ لیٹر بڑھایا ہے، ڈیزل کی قیمت 130 روپے بڑھا دی ہے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے سازش کی ، میرجعفر اور میر صادق نے اس کا ساتھ دیا، پنجاب میں غیرقانونی اور جعلی وزیراعلی بیٹھا ہوا ہے، اللہ نے ہمیں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی ، احسن اقبال کھانا کھانے گیا تو چور چور کے نعرے لگے، احسن اقبال کے ساتھ جو ہوا وہ بدتمیزی نہیں حقیقت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مرغی ہمارے دور میں300 روپے تھی اب 600 پر پہنچ گئی ہے، ہم نے اپنے کسانوں کو پیسے دلوائے، شہباز شریف برطانیہ کے سفیر کو کیک کھلا رہے ہیں، شہباز شریف کو برطانوی سفیر کو کیک کھلاتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی آسمان پر ہے، بجلی 32 سے 36 روپے یونٹ ہے، انہوں نے گیس 45 فیصد بڑھائی ہے، آپ نے ان لوٹوں کو شکست دینی ہے، یہ چور رہے تو ملک کی صورتحال سری لنکا جیسی ہونے والی ہے، قائداعظم ایک آزاد اور خود دار انسان تھے، دو خاندان 30 سال سے اس ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 17 تاریخ کو الیکشن نہیں حقیقی آزادی کی جنگ ہے، میں کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ آپ کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا، ہمارا مقابلہ ان چوروں کے ساتھ ہے، ایمانداری سے یہ لوگ کچھ بھی نہیں کر سکے، انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی ساتھ ملایا ہوا ہے، لاہور میں بیٹھا ہوا مسٹر ایکس ان کے ساتھ تیاری کر رہا ہے۔
نواز شریف سب سے بڑا ڈاکو ، زرداری سے مل کر ملک کو مقروص بنا دیا، عمران خان








