بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گل پلازہ میں شادی کی شاپنگ کے لیے آنے والی خواتین بھی لاپتا

کراچی (نیوز ڈیسک) تیسرے درجے کی آگ کی شکار عمارت گل پلازہ میں شادی کی شاپنگ کے لیے آنے والی خواتین بھی لاپتا ہو گئی ہیں۔

ایم اے جناح روڈ پر آتشزدگی کی شکار عمارت کے باہر موجود ورثا کا کہنا ہے کہ کرن نامی لڑکی کی شادی کے لیے اس کی والدہ کوثر اور دیگر گھر والے خریداری کرنے گل پلازہ گئے تھے، لیکن پھر گزشتہ رات سے ان سے رابطہ مقطع ہو گیا۔

لاپتا خواتین کو ڈھونڈنے آئے ماموں اور مامی نے بتایا کہ لاپتا افراد میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں، فیملی قریب میں رہتی ہے، رات ایک بجے تک ان کی کوئی خیر خبر نہیں آئی تو ڈھونڈ شروع ہو گئی، پھر خواتین کی تلاش میں آنے والے افراد کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

ورثا نے لاپتا خواتین کو اسپتالوں میں بھی تلاش کر لیا لیکن وہ کہیں نہیں ملے، نہ ہی جاں بحق افراد کی فہرست میں ان کے نام ہیں۔ ورثا کے مطابق لاپتا افراد میں کوثر، شہاب، اشرف اور مصباح شامل ہیں۔

گل پلازہ میں آگ لگنے کے بعد متعدد شہریوں کو اپنے پیاروں کی تلاش ہے، ایک شہری نے بتایا کہ اس کے بھائی سے آخری بار بات ہوئی تو اس نے کہا آگ لگی ہوئی ہے، مجھے بچالو، میں مر جاؤں گا۔ گل پلازہ میں کام کرنے والا دکان دار عارف بھی لاپتا ہے، جس کے چچا نے بتایا عارف نے آخری کال پر کہا تھا میں آگ سے لڑ رہا ہوں مجھے بچاؤ۔