پشاور(نیوزڈیسک)جامعہ پشاور میں ویلکم پارٹی کے دوران طلبہ کی ماڈلنگ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے نوٹس لے کر تین دن میں رپورٹ طلب کرلی۔
جامعہ پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں 15 جنوری کو ویلکم پارٹی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں طلبہ کی گئی ماڈلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس واقعے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے نوٹس لے لیا اور تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق قائم کی گئی کمیٹی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں منعقدہ ویلکم پارٹی کے دوران پیش آنے والے واقعے کی مکمل انکوائری کرے گی۔ کمیٹی کو واقعے کے تمام پہلوؤں اور حقائق کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے تین دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔ جس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔









