بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

7 F-گول مارکیٹ ، CDAکاکمیونٹی آرگینک مارکیٹ کا انعقاد

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیرِ اہتمام ایف-7 گول مارکیٹ میں کمیونٹی آرگینک مارکیٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں خصوصاً خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس کمیونٹی آرگینک مارکیٹ کا مقصد شہریوں کو صحت مند، قدرتی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اور کمیونٹی روابط کو فروغ دینا تھا۔ مارکیٹ میں مختلف آرگینک فوڈ اسٹالز لگائے گئے جبکہ بچوں کے لیے تفریحی اور تعلیمی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جس سے والدین اور بچے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ عوامی نوعیت کے ایسے ایونٹس کا بنیادی اور حقیقی مقصد سماجی روابط کو مضبوط بنانا اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی بیسڈ سرگرمیاں باہمی میل جول، اعتماد اور کمیونٹی اسپرٹ کو فروغ دیتی ہیں، جو کسی بھی صحت مند اور متحرک معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں۔شرکاء نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف خاندانی تفریح کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ بچوں میں سماجی شعور اجاگر کرنے اور خاندانوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔سی ڈی اے حکام کے مطابق اس نوعیت کی سرگرمیوں کا مقصد شہریوں کو پارکس اور عوامی مقامات کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ صحت مند ماحول میں باہمی میل جول کو فروغ دیا جا سکے اور ایک مثبت و متحرک کمیونٹی تشکیل دی جا سکے۔سی ڈی اے نے آئندہ بھی اس نوعیت کی کمیونٹی بیسڈ سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو ایک صحت مند، متحرک اور خاندانی دوست شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے