ڈیووس(نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ کے دورے پر ہیں، جہاں آج ان کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام پر عمل درآمد، اس کی بہتری اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔ وزیرِ اعظم آئی ایم ایف کی قیادت کو پاکستان کی معاشی پالیسیوں میں بہتری، اصلاحاتی اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
اسی روز وزیرِ اعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ فورم کے موقع پر ان کی عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں دو طرفہ تعاون، عالمی معاشی صورتحال اور علاقائی امور زیرِ بحث آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں اہم عالمی معاملات، غزہ امن بورڈز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہونے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق دورۂ ڈایووس کے دوران وزیرِ اعظم پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری کے مواقع اور اصلاحاتی ایجنڈے کو عالمی برادری کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کریں گے۔









